وزیر اعلیٰ مریم نواز آئندہ چند روز میں سنٹر آف ایکسیلینس کا افتتاح کریں گی

 

وزیر اعلیٰ مریم نواز آئندہ چند روز میں سنٹر آف ایکسیلینس کا افتتاح کریں گی

لاہور (37 نیوز) – وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں سنٹر کے جاری تعمیراتی کاموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام سے بریفنگ لیتے ہوئے تعمیراتی کاموں میں پیش رفت کا بغور جائزہ لیا اور انہیں ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔

وزیر تعلیم نے واضح طور پر تاکید کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور سنٹر کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ ابتدائی عمر کے بچوں کو عالمی معیار کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف بچوں کی تعلیمی بنیاد مضبوط ہو گی بلکہ اساتذہ کی تربیت اور نصاب کی بہتری میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

اجلاس کے دوران رانا سکندر حیات نے یہ بھی ہدایت کی کہ نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس کی افتتاحی تقریب کے انتظامات وزیر اعلیٰ پنجاب کے شایانِ شان انداز میں کیے جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو تاکید کی کہ تقریب کو ایک یادگار اور پروقار انداز میں منعقد کیا جائے، تاکہ یہ سنٹر تعلیم کے شعبے میں ایک نمایاں سنگِ میل کے طور پر ابھرے۔

اجلاس میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران، منصوبہ بندی و ترقیات سے وابستہ ماہرین اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن ایک ماڈل تعلیمی ادارہ ہوگا جو ای سی ای (Early Childhood Education) رومز، جمنازیم، سوئمنگ پول اور دیگر سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات پر مشتمل ہوگا۔ یہ مرکز ننھے بچوں کے لیے ایک ایسا جدید اور تخلیقی تعلیمی ماحول فراہم کرے گا جو ان کی فکری، تخلیقی، جذباتی اور سماجی نشوونما میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ روایتی تعلیم کے بجائے ایکٹیویٹی بیسڈ لرننگ کے اصولوں پر مبنی ہوگا، جس کا مقصد بچوں کی ذہنی استعداد، مشاہداتی صلاحیت اور مسئلہ حل کرنے کی مہارت کو اوائل عمری سے پروان چڑھانا ہے۔ سنٹر میں بچوں کے لیے کھیل، جسمانی سرگرمیوں، اور تخلیقی مشقوں کے ذریعے تعلیم کو دلچسپ اور مؤثر بنایا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سنٹر صرف تعلیمی ادارہ ہی نہیں بلکہ بچوں کے لیے ایک مکمل "چھوٹوں کا جم خانہ" ہوگا، جہاں وہ نہ صرف سیکھیں گے بلکہ اپنی شخصیت کی بھرپور نشوونما بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے جدید مراکز وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ پاکستان کے نونہال عالمی معیار کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں اور ایک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہوں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سنٹر کی تمام سہولیات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس کے نصاب، تربیتی سرگرمیوں اور تدریسی طریقہ کار کو عالمی بہترین تجربات کے مطابق ڈھالا جائے تاکہ یہ ادارہ ایک رول ماڈل کے طور پر ابھرے۔

Comments

Popular posts from this blog

پاکستان نے بھارت کا ایک اور طیارہ مار گرایا

جنگ دوبارہ چھڑ سکتی ہے

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اڈیالہ جیل سے رہا