امریکہ اور چین نے ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر اتفاق کرلیا
امریکہ اور چین نے ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر اتفاق کرلیا
جنیوا (37 نیوز) — امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، دونوں ممالک نے 90 دن کے لیے ایک دوسرے پر عائد ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر اتفاق کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنیوا میں امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ اور چینی حکام کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تجارتی کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیرِ غور آئیں۔ ملاقات کے بعد امریکی وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک نے باہمی تجارتی ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر رضامندی ظاہر کی ہے، اور ان اقدامات کو 90 دن کے لیے مؤخر کیا گیا ہے تاکہ دونوں ملک باہمی افہام و تفہیم سے مستقبل کی حکمت عملی طے کر سکیں۔
دوسری جانب چینی وزارتِ تجارت نے بھی مذاکرات کو "کامیاب" قرار دیا اور کہا کہ تجارتی شعبے میں ہونے والی یہ پیشرفت نہ صرف چین اور امریکہ بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔ چینی وزارت کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ امریکہ آئندہ بھی چین کے ساتھ تجارتی امور پر مثبت انداز میں تعاون کرتا رہے گا۔
بین الاقوامی خبر ایجنسیوں کے مطابق مذاکرات کے دوران یہ طے پایا کہ آئندہ 90 دن کے دوران امریکہ، چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 30 فیصد ٹیرف عائد کرے گا جبکہ چین، امریکہ سے آنے والی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف وصول کرے گا۔ یہ قدم دونوں ملکوں کے درمیان جاری تجارتی جنگ میں ایک بڑی نرمی سمجھا جا رہا ہے، جس سے عالمی منڈیوں میں بھی استحکام کی امید کی جا رہی ہے۔

Comments
Post a Comment